مخدوم امین فہیم نے پیپلز پارٹی کیلیے عظیم قربانیاں دیں، سعید الزماں عاطف

13

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سروری جماعت کے روحانی پیشوا حضرت نوح سرور کے سابق گدی نشین مخدوم محمد امین فہیم کی برسی کے موقع پر سروری تنظیم اور سندھی ادبی بورڈ کے چیئرمین مخدوم سعید الزمان عاطف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مخدوم محمد امین فہیم ایک مفکر اور مثبت سوچ اور صحیح معنوں میں زندہ دل انسان تھے، صبر و تحمل اور درگزر کرنا ان کی فطرت تھی، ان کے انتقال سے سیاست میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا، مخدوم امین فہیم وفاداری اور سچائی کا پیکر بھی تھے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے لیے عظیم قربانیاں دیں، خصوصاً شہید بے نظیر بھٹو کے جلاوطنی کے دور میں مخدوم امین فہیم نے پارٹی کی جس طرح قیادت سنبھالی اور ہر مشکل وقت میں پارٹی کو احسن طریقے سے سنبھالا وہ لازوال تھا۔ مخدوم سعید الزماں عاطف نے کہا کہ مخدوم امین فہیم روحانی شخصیت اور سچے مومن تھے، ان کا شمار پیپلز پارٹی کے بانی ارکان میں ہوتا تھا، وہ ایک عظیم شاعر اور اعلیٰ معیار کے ادیب تھے جن کی تحریریں محبت، اخوت، حسن سلوک اور وفاداری کے پیغام سے لبریز تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مخدوم محمد امین فہیم جسمانی طور پر اس دنیا میں نہیں لیکن ان کے افکار، تصانیف اور قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہیں۔