راولپنڈی ( خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) بانی تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے دوسرے روز بھی طویل ملاقات کی ہے۔ اڈیالہ جیل میں ہونے والی یہ ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی، جس کے بعد علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر نے جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں عمران خان سے 24 نومبر کی احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کردی ہے۔یاد رہے کہ بدھ کو عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے جمعرات تک کا وقت دیا ہے۔