پاکستانی دفاعی صنعت معیار اور اعتبار کی دہلیز پر

124

دفاعی سازو سامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2024 کراچی ایکسپو سینٹر میں19نومبر سے شروع ہوگئی ہے جس میں پاکستان کے عزم “امن کے لیے ہتھیار” کو اجاگر کیا گیا ہے۔4روزہ نمائش 22نومبر تک جاری رہے گی ،دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن میں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان پیش کر رہے ہیں ،پہلی بار یوکرین ،اٹلی اور ایران بھی آئیڈیاز نمائش میں شریک ہیں ،36 ممالک سے 557نمائش کنندگان اور300غیر ملکی مندوبین شریک ہیں جبکہ 30 عالمی مقررین دفاعی صنعتوں سے متعلق ہونے والے سیمینار سے خطاب کرینگے نمائش میں15 بین الاقوامی پویلین بھی بنائے گئے ہیں 53ہزار ٹریڈ وزیٹر نمائش کا دورہ کرینگے۔

کراچی ایکسیو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO)کے تحت منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن کی کرٹن ریزر تقریب سے ڈائریکٹر کوآریڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر محمد علی عادل، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد اور ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور سی ای او بدر ایکسپو زوہیر نصیرنے خطاب کیا۔ ڈائریکٹر کوآریڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر محمد علی عادل نے بتایا کہ چار روزہ نمائش میں دفاعی صنعتوں سے متعلق موضوعات پر بین الاقوامی سیمینار، B2B/B2G ہوں گے۔ سال 2000 سے مسلسل کامیابی کی داستان بننے والی IDEAS کا یہ سال ممکنہ طور پر شرکا کی تعداد کے لحاظ سے تمام سابقہ ایڈیشنز کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ پاکستان پویلین میں جدید ترین ٹینک حیدراورڈرون شاہپر کی رونمائی بھی کی جائیگی ۔ آئیڈیاز نمائش خطے کی سب سے بڑی دفاعی نمائشوں میں سے ایک ہے جہاں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور سازوسامان پیش کرتے ہیں جو پاکستان کے لیے ایک بہت فائدہ مند ایونٹ ہے۔

یہ نمائش نہ صرف پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر دکھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے، بلکہ اس سے پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشننگ اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی دنیا کے سامنے لایا جاتا ہے۔ ہر دو سال بعد ہونے والی یہ نمائش پاکستان کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے مقامی دفاعی مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے اور بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تعاون کے مواقع بھی حاصل کرتا ہے۔ آئیڈیاز IDEAS 2024 کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے، جو ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ غیر ملکی وفود اور دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور کاروباری مواقع حاصل ہوتے ہیں، جو پاکستان کے دفاعی شعبے کو جدید بنانے اور نئے شراکت داریوں کے قیام میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ نمائش نہ صرف کاروبار کو فروغ دیتی ہے، بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی مینوفیکچرنگ کو بھی تیز کرتی ہیاس طرح پاکستان کے لیے ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹیجک ایونٹ ہے آئیڈیاز جو نہ صرف دفاعی صنعت کو، بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کو بھی مستحکم طور پر آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔

آئیڈیاز 2024 ایک عالمی سطح کا پلیٹ فارم ہے جو جدید دفاعی ٹیکنالوجیز، حل اور جدید سازوسامان کو پیش کرتا ہے۔ یہ تقریب دفاعی صنعت کے رہنماؤں، ماہرین اور شائقین کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ نیٹ ورکنگ اور تعاون کریں۔آئیڈیاز کا اٖفتتاح وزیراعظم شہباز شریف نے کرنا تھا تاہم طبعیت کی ناسازی اور اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث وہ کراچی نہیں پہنچ سکے ان کی جگہ وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے افتتاح کیا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی ان کے ساتھ تھے۔ بعدازاں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور گورنرسندھ نے آئیڈیا 2024ء نمائش میں این آر ٹی سی پویلین کابھی افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر دفاع کے ہمراہ گورنرسندھ نے نمائش کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ مختلف ممالک کے اسٹالز پر دفاعی آلات کا معائنہ کیا۔اسٹالز پر موجود متعلقہ حکام نے انہیں دفاعی آلات سے متعلق آگاہ کیاانہوںنے پاک نیوی ، ایئر فورس ، آرمی کے اسٹالز پر جدید دفاعی آلات کی تعریف کی اورگورنرسندھ نے جدید گن اور پستو ل سے فائربھی کئے۔

آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تمام وفاقی وزرا، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی مصنوعات بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس ڈومین میں مزید سبقت کے لیے پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹری کے انضمام اور دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آر اینڈ ڈی تنظیموں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز)20نومبربدھ کو دوسرے روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش کا خصوصی دورہ کیا۔آرمی چیف نے دورے کے دوران دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔نمائش کے دوران، آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بات چیت بھی کی ہے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔ نمائش میں کل 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں، جبکہ 224 ملکی نمائش کنندگان ہیں۔ 36 ممالک نے اسٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔ایونٹ میں 53 ممالک کے 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور نمائش اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع کی ایک اہم بات گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز (GIDS) پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین ڈرون (UAV) ’’Shahpar-III‘‘ (شاہپر تھری) کا افتتاح تھا۔شاہپر تھری اعلیٰ درجے کی صلاحیتوں کا حامل ڈرون ہے، جو 35,000 فٹ کی آپریشنل اونچائی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور 24 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرسکتا ہے۔یہ ڈرون بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ہیوی انڈسٹریز ٹیکسیلا کی جانب سے کراچی میں جاری دفاعی مصنوعات کی عالمی نمائش آئیڈیاز میں تھرڈ جنریشن کے جدید ترین ٹینک حیدر کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔پاکستان آرمی کی جانب سے دفاعی نمائش آئیڈیا2024میں رکھا پاکستانی ساختہ ملٹی پل ویپن سیمولیٹرشرکا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔جبکہ جدید ترین تھری ڈی ریڈار بھی آئیڈیاز میں متعارف کروایا گیا ہے۔ پاکستان میں بننے والے خود کش ڈرون بھی توجہ کا مرکز بن گیا،آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ آج 21نومبر بروز جمعرات نشان پاکستان سی ویو پر ایئرشو کا نعقاد کیا جائے گا۔