کیف میں ممکنہ بڑے فضائی حملے کی وارننگ، امریکی سفارتخانہ بند

114

واشنگٹن: امریکی سفارتخانے نے کیف میں ممکنہ بڑے فضائی حملے کی وارننگ دیتے ہوئے اپنی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ یہ پیش رفت یوکرین کی جانب سے پہلی بار امریکی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے روسی علاقے پر حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔

امریکی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “20 نومبر کو کیف میں ممکنہ اہم فضائی حملے کی مخصوص اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔” احتیاطی تدابیر کے طور پر سفارتخانے کو بند کر دیا گیا ہے اور عملے کو محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ امریکی شہریوں کو بھی فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

روس نے یوکرین کی جانب سے پہلی بار امریکی ساختہ اے ٹی اے سی ایم ایس میزائل استعمال کرنے پر سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق، ان میزائلوں کا استعمال برائنک علاقے میں کیا گیا، جو روس کی حدود میں واقع ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حملے کو مغربی ممالک کی جانب سے تنازع کو مزید بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا، “ہم اسے روس کے خلاف مغربی جنگ کے ایک نئے مرحلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔”

واشنگٹن نے حال ہی میں یوکرین کو روسی اہداف پر حملے کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کرنے کی اجازت دی ہے، جو یوکرین کی دیرینہ درخواستوں میں شامل تھا۔