سوئس گروپ کی ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد شیئرز خریدنے کی منظوری

86

کراچی (کامرس رپورٹر) اسٹاک مارکیٹ سے موصول اطلاعا ت کے مطابق پاکستان مسابقتی کمیشن (سی سی پی) نے سوئٹزرلینڈ کے گن ور گروپ (Gunvor Group) کی ذیلی کمپنی میسرز ایکوا شور ایس اے کو ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ کی 50 فیصد شیئرز ہولڈنگ ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنیوں کے مابین شیئرز سیلز، پرچیز ایگریمنٹ کے مطابق ٹوٹل پارکو کی ملکیتی کمپنی، ٹوٹل انرجیز مارکیٹنگ لمیٹڈ کے پچاس فیصد شیئرز، ایکوا شور ایس اے کو منتقل ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال میں پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والی یہ تیسری بڑی ٹرانزیکشن ہے۔ رواں سال کے آغاز پر سعودی آرامکو نے آئل مارکیٹنگ کمپنی، گو پٹرولیم میں 40 فیصد ایکویٹی شیئرز حاصل کئے تھے۔ بعد ازاں سعودی گروپ، میسرز وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ نے شیل پاکستان لمیٹڈ کی 77.42 فیصد شیئر ہولڈنگ اور کنٹرول حاصل کیا۔یہ ٹرانزیکشن پاکستان کے توانائی کے شعبے میں دنیا کی بڑی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔گن ور گروپ اجناس کی تجارت کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کہ ٹریڈنگ اور لاجسٹکس میں وسیع تجربہ کی حامل ہے۔ گن ور کا کماڈٹی ٹریڈنگ اور لاجسٹکس کا وسیع تجربہ ذیلی کمپنی ایکوا شور کو سٹریٹجک سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ فیول کی ریٹیل فروخت کے سٹیشنوں کا ایک وسیع نیٹ ورک آپریٹ کرتا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن نے مذکورہ ٹرانزیکشن کے لیے متعلقہ مارکیٹ کی تعریف ریٹیل فیول، آٹوموٹیو لبریکنٹس اور انڈسٹریل لبریکنٹس کے طور پر کی ہے۔