کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آئیڈیاز 2024 ء نمائش کا افتتاح کردیا۔ بعدازاں گورنرسندھ نے آئیڈیا 2024ء نمائش میں این آر ٹی سی پویلین کابھی افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر دفاع کے ہمراہ گورنرسندھ نے نمائش کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں بریفنگ بھی دی۔وفاقی وزیر دفاع اور گورنرسندھ نے مختلف ممالک کے اسٹالز پر دفاعی آلات کا معائنہ کیا۔اسٹالز پر موجود متعلقہ حکام نے انہیں دفاعی آلات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک نیوی ، ائر فورس ، آرمی کے اسٹالز پر جدید دفاعی آلات کی تعریف کی جبکہ گورنرسندھ نے جدید گن اور پستو ل سے فائربھی کیے۔منگل کوکراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینارآئیڈیاز2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے،پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیا نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے ۔واضح رہے کہ آئیڈیاز کا اٖفتتاح وزیراعظم شہباز شریف نے کرنا تھا تاہم طبیعت کی ناسازی اور اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث وہ کراچی نہیں پہنچ سکیں ان کی جگہ وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے افتتاح کیا۔آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزیدکہا کہ تمام وفاقی وزرا، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی مصنوعات بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس ڈومین میں مزید سبقت کے لیے پرائیویٹ ڈیفنس انڈسٹری کے انضمام اور دفاعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں آر اینڈ ڈی تنظیموں کی شمولیت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔ واضح رہے کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔نمائش میں دنیا بھر سے 550سے زاید نمائش کنندگان نے اسٹالز لگائیں ہیں۔یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار ایک بڑا علاقائی ایونٹ ہے، آئیڈیاز عالمی دفاعی صنعت کو ہم آہنگی کرنے اور کاروبار میں تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سال 2000سے ہر 2 سال بعد اس ایونٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔آئیڈیاز دفاعی تعاون کے میدان میں تعاون اور علم کے تبادلے کا ذریعہ ہے، دفاعی صنعت کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے آئیڈیاز اس شعبے سے وابستہ ماہرین اور اعلی سطح کے پالیسی سازوں میں ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔