پی ٹی آئی کے مطالبات خیالی غبارے، حکومت کوئی مذاکرات نہیں کررہی، سینیٹر عرفان صدیقی

27
What happened in Parliament is condemnable

اسلام آباد:سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات خیالی غبارے ہیں،  حکومت ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کررہی۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹ یں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کو کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی، ان کے 4 مطالبات محض خیالی غبارے ہیں، حکومت ان پر کوئی مذاکرات نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چاروں مطالبات نان سارٹر ہیں۔ تحریک انصاف 24 نومبر کے احتجاج کی کال دے کر بند گلی میں آ گئی ہے اور اب یہاں سے نکلنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما خود رسوائی سے بچنے کے لیے پریشان ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اس چیز کو سنجیدہ مذاکرات کا عنوان نہیں دے سکتے۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کے دوران، غداری، ایفی ڈرین، ہیروئن اور کرایہ داری جیسے جھوٹے اور مضحکہ خیز مقدمات بنا کر اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا جب کہ ہم نے ایسا بالکل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں پر ٹھوس مقدمات ہیں۔ عمران خان اپنے سنگین جرائم ہی کی وجہ سے جیل میں مقدمات بھگت رہے ہیں۔