کانگو میں پہاڑ گرنے سے ٹنوں کے حساب سے تانبا نکل آیا

353
mountain collapses in the Congo

کانگو: ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے علاقے کٹنگا میں ایک پہاڑ گرنے سے ٹنوں کے حساب سے تانبا نکل آیا۔

کانگو میں پہاڑ گر کر تباہ ہونے کی ویڈیو ایکس پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں پہاڑ کے انہدام کے وقت لوگوں کو بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم پہاڑ تباہ ہونے کے بعد بڑی مقدار میں تانبے کا پتا چلا۔

کانگو کا کٹنگا علاقہ اپنے معدنی وسائل سے مالا مال ہے، یہ افریقہ کے تانبے کی پٹی میں واقع ہے، اور 450 کلومیٹر طویل ہے جو شمال مغربی لوانشیا، زمبیا سے کانگو کے کٹنگا تک پھیلا ہوا ہے۔

یہ خطہ ایک صدی سے زیادہ عرصے سے بڑے پیمانے پر تانبے کی کان کنی کے لیے جانا جاتا ہے، 1950 کی دہائی میں یہ دنیا کا سب سے بڑا تانبا پیدا کرنے والا علاقہ تھا۔ فی الوقت یہ خطہ دنیا کے تانبے کے ذخائر کے دسویں حصے سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے۔

تانبے کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین نے دل چسپ لیکن فکر انگیز ردعمل کا اظہار کیا، کچھ صارفین نے افریقہ میں غربت پر سوال اٹھایا کہ معدنیات کے ہوتے ہوئے بھی یہ اتنا غریب کیوں ہے، اور کچھ نے امید ظاہر کی کہ مغربی ممالک مداخلت نہیں کریں گے۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ،، لیکن مغرب کسی افریقی ملک کو اپنے وسائل سے لطف اندوز ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔‘‘

ایک صارف نے کہا ’’امید ہے کہ برطانوی آ کر اسے چوری نہیں کریں گے۔ ایک اور نے لکھا ’’امریکا اب انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے حقوق کو فروغ دینے کے لیے آ پہنچے گا۔