ملک بھر میں الیکشن ٹریبونلز کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری

145

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی الیکشن ٹریبونلز کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ سامنے آگئی جس میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے حوالے سے بنائے گئے الیکشن ٹربیونلز نے اب تک صرف 17 فیصد درخواستوں پر فیصلے کیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فافن نے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے الیکشن ٹریبونلز نے مزید 20 درخواستوں کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 60 درخواستوں پر فیصلہ کیا جاچکا ہے جبکہ 23 میں سے7 ٹریبونلز نے ابھی تک کسی بھی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا۔فافن نے 23 ٹریبونلز میں دائر 377 میں سے 350 درخواستوں کی نشاندہی کی اور ان کا سراغ لگایا اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران پٹیشنز نمٹانے کی رفتار میں معمولی بہتری آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں کے ٹریبونلز بلوچستان کے مقابلے میں پیچھے ہیں، بلوچستان کے 3 ٹریبونلز نے 51 میں سے 30 نتائج کے تنازع کو نمٹایا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 6 ٹریبونلز نے 42 میں سے صرف 8 درخواستوں کا فیصلہ کیا۔فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے 5 ٹریبونلز نے 83 میں سے محض 12 درخواستوں کو نمٹایا ہے جبکہ اسے لاہور ہائی کورٹ اورالیکشن کمیشن آف پاکستان کے درمیان تشریحی اختلافات سے اپنے قیام میں تاخیر کا سامنا رہا ہے۔فافن نے بتایا کہ پنجاب کے ٹریبونلز 155 درخواستوں میں سے صرف 10 یعنی 6 فیصدکو ہی حل کرسکے ہیں، صوبے میں الیکشن ٹریبونل کے نوٹیفکیشن کے باوجود ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل 8 میں سے 4 ٹریبونلز نے ابھی تک سماعت شروع نہیں کی۔