ہوبارٹ(اسپورٹس ڈیسک)مارکس ا سٹوئنس کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو با آسانی تیسرے اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں نہ صرف 7وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ 3 میچوں کی سیریز بھی کلین سویپ کرلی۔ کینگروز بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان کی پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.1ویں اوور زمیں117 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرون ہارڈی نے3وکٹیں حاصل کیں ، ایڈم زمپا اور ا سپینسر جانسن نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے ملنے والا 118رنز کا ہدف مارکس ا سٹوئنس کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت آسٹریلوی ٹیم نے 11ویں اوورز کی دوسری گیند پر 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مارکس اسٹوئنس ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،آسٹریلیا کے ہی ا سپینسر جانسن کو عمدہ بولنگ پر میچ آف دی سیریز قرار دیا گیا۔