پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سفر جاری، آج نتھیا گلی پہنچے گی

52

ایبٹ آباد (اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر نمائش کی گئی۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی مختلف شہروں کا سفر کرتی ہوئی ایبٹ آبادد پہنچ گئی۔ ٹرافی کو گزشتہ روز نامور تعلیمی ادارے ایبٹ آباد پبلک اسکول اور ایوب میڈیکل کالج میں نمائش کے لیے رکھا گیا جہاں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے ٹرافی کو دیکھنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور کافی پر جوش دکھائی دئیے ۔انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ اپنی سیلفیاں بھی بنائیں۔بعد ازاں چیمپئنز ٹرافی کو ایبٹ اباد سے 36 کلومیٹر دور 9500فٹ بلند ٹھنڈیانی کے پر فضا مقام پر لے جایا گیا۔آخر میں شام پانچ بجے کے قریب پولیس سکیورٹی میں چیمپئنز ٹرافی کو کرکٹ ا سٹیڈیم ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا جہاں چیمپئنز ٹرافی کو دیکھنے کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے پرجوش طریقے سے استقبال کیا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو آج نتھیا گلی لیجایا جائے گا۔