راولپنڈی (آن لائن) پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ ہی عوام ڈیل قبول کرنے کو تیار ہیں، 24 نومبر کو پورا پاکستان نکلے گا، گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، راستے بند بھی ہوئے تب بھی 24 نومبر کو قیادت اور کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے، رانا ثناء اللہ کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کنول شوزب کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں، لاشیں گر رہی ہیں، دھماکے کرنے والوں کو نہیں پکڑا جاتا ہم پر سنگین الزامات عاید کیے جاتے ہیں۔ ہمارا پرامن احتجاج ہو گا، کارکنان کو کسی جگہ بلا کر ہم کوئی میٹنگ نہیں کر سکتے،پولیس ہمارا جرم بتائے اور سب لوگوں کے سامنے گرفتار کرے ہم حاضر ہیں، جیل ریفارمز کی جائیں اور موجودہ صورتحال کو بہتر کیا جائے، ملک کے سابق وزیراعظم کو موت کی چکی میں رکھا ہوا ہے۔