سکھر (اے پی پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج آئین اور قانون کی حد میں رہ کر ہو تو اچھا ہے تاہم اگر اس میں تخریب کاری ہو تو برداشت نہیں ہو سکتا، کینالز بنانے کے حوالے سے نیا پینڈورا بکس نہ کھولا جائے ورنہ2 صوبوں کی طرح تیسرے صوبے میں مشکلات کھڑی ہو جائیں گی ۔پیر کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں پی ٹی آئی کے احتجاج پر کوئی اعتراض نہیں یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن کسی کی رہائی احتجاج سے نہیں ہوسکتی اور نہ آئین یا قانون میں ایسی کوئی گنجائش ہے اگر ایسا ہوتا تو پھر آج ملک کی جیلیں خالی ہوچکی ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کا مجھے پتہ ہے لیکن 27ویں ترمیم کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں۔