کیلی فورنیا : ٹوئٹر سے مماثلت رکھنے والا پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایک ہی دن میں 10 لاکھ صارفین نے اکاؤنٹس بناکر بلیو اسکائی کوخبروں کی زینت بنادیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) سے مماثلت رکھنے والے ڈی سینٹرلائزڈ مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ پر گزشتہ سال اکاؤنٹس کی تعداد بھی اتنی نہیں تھی جتنی ایک دن میں صارفین نے اکاؤنٹس بناکر اضافہ کیا ہے۔
بلیو اسکائی‘ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) نے دعویٰ کیا ہے کہ ہر 15 منٹ میں پلیٹ فارم پر تقریباً 10 ہزار نئے اکاؤنٹس بنائے جا رہے ہیں، بہت جلد اس میں دیگر فیچر بھی متعارف کرادیں گے، جس سے صارفین کو استعمال کرنے میں آسانی ہو۔
’بلیو اسکائی‘ تقریباً ایکس جیسا ہی پلیٹ فارم ہے تاہم فوری طور پر بلیو اسکائی میں ہیش ٹیگز جیسے مقبول فیچرز اچھی طرح کام نہیں کر رہے،’بلیو اسکائی‘ کو ڈی سینٹرلائزڈ رکھا گیا ہے، یعنی صارفین اپنی مرضی سے اپنے اکاؤنٹ کو ڈیزائن کرسکتے ہیں ساتھ ہی انہیں یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کا ڈیٹا بلیو اسکائی کے سرور کے بجائے اپنے سرور پر رکھیں۔
واضح رہے کہ ’بلیو اسکائی‘ کو 2019 میں بنایا گیا تھا، تاہم اس کی آزمائش اپریل 2023 میں شروع کی گئی تھی، جس کے بعد فروری 2024 میں مذکورہ پلیٹ فارم کو متعارف کرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر (ایکس ) کے مالک ایلون ماسک کوحکومتی عہدہ دیا ہے ، جس کے بعد سے کئی ممالک کے سربراہان نے ایکس پلیٹ فارم چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے بلیو اسکائی کی مقبولیت میں ہرگھڑی اضافہ ہورہاہے۔