قدرتی آفات سے نمٹنے کیلیے ایس پی ایچ ایف نے بہت کام کیا‘ مراد علی شاہ

26

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے باکو میں منعقدہ cop 29 میں اپنے کلیدی خطاب میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افکٹیز (ایس پی ایچ ایف) پروگرام کی قابل ذکر کامیابیوں کو اجاگر کیا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ایک عالمی ماڈل کے طور پر پیش کیا۔ 154 ممالک کی آبادی سے بڑے ایک انسانی ہاؤسنگ پروگرام نے آج COP29 میں عالمی توجہ حاصل کی۔ پاکستان پویلین میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے حوالے سے گلوبل ریزیلینس COP29 میں منعقدہ ایک تاریخی خطاب میں سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ ایس پی ایچ ایف نے موسمیاتی تبدیلی کے مطابق متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے اپنے انقلابی نقطہ نظر کو پیش کیا۔ پاکستان پویلین میں “سیلاب متاثرین کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ: عالمی لچک کے لیے ایک خاکہ” کے عنوان سے ایک تاریخی پینل مباحثے میں بین الاقوامی ترقیاتی رہنماؤں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ کس طرح حکومت سندھ کے اس اقدام نے آفات کے بعد بحالی اور کمیونٹی کی تعمیر نو کے پیرامیٹرز کو نئے سرے سے بیان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کا حصہ ہے جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ افراد کوموسمی حالات کے چیلنجز کے مطابق رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 8 لاکھ 10 ہزار روپے کی امداد کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صرف سندھ میں ہی آب و ہوا سے نمٹنے کے لیے تین لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔