کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان کے ضلع قلات کی شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردوںکا بزدلانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور نہ ہی دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قو م کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ہیں ۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہے گی اور دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے حملے میں وطن کے حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارضِ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے جوان قوم کی دلو ں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھنائونی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے ۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پوری قوم خاص کر بلوچستان کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ملکی آقائوں کے اشاروں پر چلنے والے خود ساختہ رہنمائوں کے منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور ایسے عناصر کی بیخ کنی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔