آرمی چیف سے استدعا ہے بے گناہوں کو معاف کردیں‘ شیخ رشید

21

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے استدعا ہے کہ بے گناہوں کو معاف کردیں۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 150 ملزمان ہیں، کوئی ایک کہہ دے کہ میں کیس ملوث ہوں تو سزا کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کا بے شک ٹرائل کیا جائے، آئی ایم ایف قیامت ڈھانے والا ہے۔ 7سال قید سے 40 دن کا یہ چلہ بہت بھاری ہے۔ 40 دن مجھے غار میں رکھا گیا۔پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی کال سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ میں یہاں موجود نہیں تھا میرے خلاف شہادت بھی نہیں، اصل سزا قوم کو مل رہی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے لیے آپ عام معافی کا اعلان کریں۔ قوم مہنگائی کے چنگل میں جکڑی گئی ہے، کوئی عقیقے کی دعوت بھی دے تو شہباز شریف چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ اورملک میں استحکام چاہتا ہوں۔ میں نے کبھی آرمی کے خلاف بات نہیں کی۔ میرے چلے میں مجھ پر تشدد نہیں کیا گیا لیکن جس غار میں رکھا اس نے بڑا ستایا۔شیخ رشید نے کہا کہ خواہش ہے کہ میرے تعلقات بہتر ہوں لیکن کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ پہلی مرتبہ ہے کہ انہیں میری ضرورت نہیں۔ میں اصلی اور نسلی ہوں۔