کراچی:عالمی دفاعی نمائش’’ آئیڈیاز‘‘ کا19نومبر سے آ غاز ‘افتتاح وزیر اعظم کرینگے

98
کراچی: ایکسپو سینٹر میں ڈائریکٹر میڈیا ڈیپوکموڈور اعتزاز خالد 4 روزہ آئیڈیا 2024ء پر میڈیا بریفنگ دے ر ہے ہیں ‘ چھوٹی تصاویر جسارت کے سینئر ر پورٹر منیر عقیل انصاری اور عوام کی آگاہی کیلیے ٹر یفک پلان کی ہے

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) دفاعی ساز و سامان کی عالمی نمائش آئیڈیاز 2024ء کراچی ایکسپو سینٹر میں19نومبر کو شروع ہوگی جس میں پاکستان کے عزم “امن کے لیے ہتھیار” کو اجاگر کیا جائے گا۔4 روزہ نمائش 22 نومبر تک جاری رہے گی‘ نمائش کا افتتاح وزیراعظم میاں شہباز شریف کریں گے‘ دفاعی نمائش آئیڈیاز کے 12ویں ایڈیشن میں دنیا بھر کے نمائش کنندگان اپنی دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان پیش کریں گے‘ پہلی بار یوکرین، اٹلی اور ایران میں آئیڈیاز نمائش میں شریک ہوں گے‘ 38 ممالک سے 532 نمائش کنندگان اور350 غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے جبکہ 30 عالمی مقررین دفاعی صنعتوں سے متعلق سیمینار سے خطاب کریںگے نمائش میں15 بین الاقوامی پویلین بھی بنائے گئے ہیں‘52 ہزار ٹریڈ وزیٹر نمائش کا دورہ کریں گے۔کراچی ایکسپو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے تحت منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن کی کرٹن ریزر تقریب سے ڈائریکٹر کوآری ڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر محمد علی عادل، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد اور ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور سی ای او بدر ایکسپو زوہیر نصیر نے خطاب کیا۔ بریگیڈیئر محمد علی عادل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 4 روزہ نمائش میں دفاعی صنعتوں سے متعلق موضوعات پر بین الاقوامی سیمینار، B2B/B2G ہوں گے۔ سال 2000ء سے مسلسل کامیابی کی داستان بننے والی IDEAS کا یہ سال ممکنہ طور پر شرکا کی تعداد کے لحاظ سے تمام سابق ایڈیشنز کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ پاکستان پویلین میں جدید ترین ٹینک حیدر اور ڈرون شاہپر کی رونمائی بھی کی جائے گی جبکہ آخری روز نشان پاکستان سی ویو پر ائرشو بھی نمائش کا حصہ ہوگا جو غیر ملکی معززین اور کراچی کے عوام کے لیے منعقد کیا جائے گا‘ آئیڈیاز2024ء کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے، جو ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 19نومبر سے22 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی کے لیے متبادل راستوں کا پلان جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 7 بجے سرسلیمان روڈ بند ہوگی‘ حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک کی سڑک ہر قسم کے ٹرفک کے لیے بند ہوگی‘ متبادل سڑکیں تمام مرمت ہو چکی ہیں‘ متبادل سڑکوں کا پلان عوام کی آگاہی کے لیے جاری کیا گیا ہے۔