منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے پرویز الٰہی کو طلب کرلیا

28

لاہور (آن لائن) عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ اسپیشل جج سینٹرل تنویر احمد شیخ نے تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے مونس الٰہی ودیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری مونس الٰہی کے ریڈ نوٹسز اور بیرون ملک سے گرفتاری سے متعلق جے آئی ٹی معاملے کا خود تعاقب کرے۔ تحریری حکم میں عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں چودھری پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوٹر کے مطابق پرویز الٰہی تشویش ناک حالت میں نہیں ہیں، پی ٹی آئی رہنما دیگر تقریبات میں شرکت کررہے ہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مونس الٰہی سمیت دیگر اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی قرقی کے دورانیہ میں توسیع پر رپورٹ جمع کروائے، عدالت کیس کی مزید سماعت 28نومبر کو کرے گی۔