لاہور (صباح نیوز) پنجاب میں مری کے سوا تمام اضلاع کے اسکول 24 نومبر تک بند رہیں گے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں عایدکردی گئیں، ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالج بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور اور ملتان میں تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی ہوگی، قومی سطح کے تعمیراتی کاموں کی اجازت ہوگی،ہیوی ٹریفک کی لاہور اور ملتان میں داخلے پرمکمل پابندی ہوگی، اینٹوں کے بھٹے، فرنس انڈسٹری کے کام پر بھی بندش ہو گی۔ لاہور اور ملتان میں ریسٹورنٹس صرف 4 بجے تک کام کریں گے، ریسٹورنٹس کو 4 سے 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ حکومت نے لاہور اور ملتان میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، لاہور اور ملتان میں تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی۔