عام انتخابات میں دھاندلی کے مقدمات سننے والا عدالت عظمیٰ کا بینچ تبدیل

13

اسلام آباد (صباح نیوز) عام انتخابات 2024ء میں بلوچستان اسمبلی کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی سے متعلق مقدمات سننے والا عدالت عظمیٰ کا بینچ تبدیل کردیا گیا، اب جسٹس اطہر من اللہ کی بجائے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 20 نومبر کو سماعت کرے گا۔ عام انتخابات میں حلقہ پی بی 28،پی بی 44 اور پی بی 45 میں مبینہ دھاندلی کے کیسز کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کرنی تھی۔ نئے بینچ میں جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس عقیل عباسی بھی شامل ہیں۔ حلقہ میں 21نومبر کو پولنگ منعقد ہورہی ہے۔