کوئٹہ ،بیٹے کے اغوا کیخلاف اہل خانہ و تاجروں کا احتجاج

42

کوئٹہ (نمائندہ جسارت )کوئٹہ میں تاجر کے بیٹے کے اغوا کے خلاف اہل خانہ اور تاجربرادری نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے زرغون روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ کوئٹہ کے پیٹل باغ سے تاجر کے دس سالہ بیٹے محمد مصور کے اغوا کرلیا گیا۔ اہل خانہ اور تاجربرادری نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اتحاد چوک پر زرغون روڈ کو بند کردیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ بے امنی اور اغوا برائے تاوان کے بڑھتے واقعات نے عوام اور تاجربرادری کو عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے۔ مظاہرین نے مغوی بچے کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر بچے کو بازیاب نہ کرایا گیا تو صوبے بھر احتجاج کریں گے۔ بلوچستان کی چھوٹی بڑی قومی شاہراہوں کا بلاک کردیا جائے گا۔ بلوچستان کی تاجربرادری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بچے کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب احتجاج کے باعث زرغون روڈ اوراطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔