چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے پاکستان میں سیکورٹی ٹیم بھیجنے کی تردید

50

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکورٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کی خبروں کی تردید کردی۔ڈان نیوز کے مطابق چینی سفارتخانے کے دو اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بیجنگ نے اسلام آباد سے سیکورٹی ٹیم بھیجنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا،بیجنگ کے لیے اپنے شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔چینی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پاکستان اور چین کے مشترکہ دشمن ہیں، چین پاکستان کے سیکورٹی اداروں پر مکمل اعتماد کرتا ہے، اسلام آباد کے اندرونی معاملات اور سیکورٹی امور میں مداخلت نہیں کرے گا۔چینی سفارتخانے کے ذرائع نے کہا ہے کہ سیکورٹی چیلنجز کے باوجود سی پیک اور بی آر آئی پر کام جاری رہے گا،پاکستان اور چین سیکورٹی معاملات پر اعلیٰ فورمز پر رابطے میں ہے۔چینی سفارتخانے نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں چین پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے، کوئی دشمن پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔