وزیراعظم کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں نماز استسقا ادا

57
لاہور: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی امامت میں نماز استسقاء کے بعد دعا کی جارہی ہے
لاہور: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی امامت میں نماز استسقاء کے بعد دعا کی جارہی ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز استسقا ادا کر دی گئی جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی نماز کا اہتمام کیا گیا۔وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم کی اپیل پر وفاقی اور صوبائی سطح پر نماز استسقاکا اہتمام کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نماز استسقا کے اہتمام کا سرکلر جاری کیا گیا تھا جس میں چاروں صوبوں، گلگت، آزاد کشمیر کے سیکرٹری اوقاف کو عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ حالیہ خشک سالی سے ملک بھر میں صحت اور اسموگ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں لہٰذا مساجد کے پیش امام اور عوام مسنون صلوٰۃ الاستسقا کا لازمی اہتمام کریں۔لاہور میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نماز استسقاکے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمعے کے بعد نماز استسقاادا کرکے اللہ سے دعا کی ہے کہ ہماری معافی فرما دے اور اتنی باران رحمت برسائے کہ یہ بیماری ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ کونسل نے 2022 میں حکومت سے اپیل کی تھی اس پر عمل کیا اور پی ٹی اے اب تک 80 لاکھ ایسی سائٹ بند کر چکا ہے، ایسی تمام سائٹ جو نبی کریمؐ اور صحابہؓ کی توہین کریں اسے بند کیا جانا چاہیے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ جس قوم میں ذخیرہ اندوزی ہوتی ہے وہاں بارش کا عمل رک جاتا ہے۔