لاہور( اسپورٹس ڈیسک) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن فیصل آباد نے لاڑکانہ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ لاہور وائٹس نے ایبٹ آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد کو لاڑکانہ کے خلاف جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ علی شان نے 58 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ مشتاق کلہوڑو نے70 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں 134رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل لاڑکانہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 277 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شہزاد گل اور شاہد علی نے 4,4 وکٹیں حاصل کیں۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس کو ایبٹ آباد کے خلاف جیتنے کے لیے 79 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل ایبٹ آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 131 رنز بناسکی تھی۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی کی ٹیم بہاولپور کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 324 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عاقب شاہ تیمور خان اور شاداب خان کے بعد اویس انور نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔مہران سانول نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بہاولپور نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 258 رنز بنائے تھے۔عابدعلی نے 100 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 30 ویں سنچری ہے۔ علی حمزہ وسیم نے80 رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 183 رنز کا اضافہ کیا۔