ضمنی بلدیاتی الیکشن‘ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا اور جعلی نتائج قبول نہیں کرینگے ‘ منعم ظفر خان

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ،پیپلز پارٹی نے ماضی کی طرح اپنی انتخابی دہشت گردی جاری رکھی ،منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے عملے کی ملی بھگت سے ماضی کی طرح ایک بار پر دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا اور جعلی نتائج کو قبول نہیں کرے گی ،
بدترین دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کے خلاف بھر پور احتجاج اور قانونی جدوجہد کرے گی ، آج ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس میں پری پول رگنگ سمیت الیکشن ڈے کی تفصیلات کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، منعم ظفر خان نے کہا کہ لیاقت آباد ٹائون یوسی 7سے جماعت اسلامی کے امیدوار سلیم اللہ شیخ اور ماڈل ٹائون یوسی 7سے انصاراللہ خان بھاری ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوئے لیکن آر او اورڈی آر او نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوانے کے لیے نتائج میں جعل سازی کی جبکہ بڑی تعداد میں بوگس ووٹ بھی ڈلوائے گئے اور پولیس نے بھی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے لیے پارٹی کی بی ٹیم کا کردارادا کیا ، جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن سے قبل اور پولنگ کے دوران بھی صوبائی اور مرکزی الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات سے آگاہ کیا مگر ان کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔