کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں میگا سٹی کراچی کے ماسٹر پلان اتھارٹی کا ادارہ ایکٹ اور بورڈ آف گورنرز کے بغیر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ڈی جی آڈٹ سندھ نے ماسٹر پلان اتھارٹی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ پی اے سی چیئرمین نثار کھوڑو نے ماسٹر پلان اتھارٹی کو فعال کرنے کے لئے اتھارٹی کا ایکٹ تیار کرنے اور بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ جمعرات کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں کراچی کے ماسٹر پلان اتھارٹی کی سال 2019ع اور 2020ع کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے رکن قاسم سراج سومرو سمیت ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ڈاریکٹر ماسٹر پلان اتھارٹی،ڈی جی آڈٹ سندھ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کے کراچی کے میگا سٹی کے متعلق ماسٹر پلان بنانے کے لئے ماسٹر پلان اتھارٹی کا ادارہ 2019ع میں قائم ہوا ہے تاہم 5 سال گذرنے کے باوجود ماسٹر پلان اتھارٹی کا کوئی بھی ایکٹ نہیں بن سکا ہے نہ ہی ماسٹر پلان اٹھارٹی کے لئے بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا گیا ہے۔