ن لیگ پی پی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے‘ بلاول

50
کراچی:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری میڈیا نمائندوںسے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ پی ایس ڈی پی مشاورت سے بنائی جائے گی، میں 26 ویں ترمیم میں مصروف تھا حکومت نے پیٹھ پیچھے کینالز کی منظوری دی، ہم نئے کینالز پر اتفاق نہیں کرتے۔انہوںنے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اتفاق رائے کے مختلف طریقے ہو سکتے ہیں، حکومت کینالز پر جو طریقہ اپنا رہی ہے وہ ٹھیک نہیں، بطور پارٹی چیئرمین ذمہ داری ہے کہ سی ای سی کو زمینی حقائق سے آگاہ کروں۔انہوں نے کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ سیاسی استحکام آسانی سے آسکتا ہے، پیپلز پارٹی سی ای سی نے حکومت میں شامل نہیں ہونا، قانون سازی پر پوری طرح سے مشاورت ہونی چاہیے، یہ عجب ہے کہ پہلے فلور پر بل پھر مجھے کاپی دی جائے۔بلاول زرداری کاکہنا تھا کہ سیاست عزت کے لیے ہوتی ہے، سیاست میں ناراضگی نہیں ہوتی، حکومت کے ساتھ ناراضگی کا سوال ہی نہیں، وفاق میں نہ عزت دی جاتی ہے، نہ سیاست کی جاتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دنیا میں حکومت پارٹنرز کے ساتھ معاہدوں پر عمل کرتی ہے، ہم دیکھیں گے کہ معاہدے پر عمل درآمد کیا ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آئین سازی کے وقت برابری کی باتیں کیں، جوڈیشل کمیشن سے احتجاجا الگ ہوا، میں اگر جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا۔انہوں نے کہا کہ آئین سازی کے وقت حکومت کی گئی اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی، دیہی سندھ سے عدالت عظمیٰ میں ججز ہوتے تو برابری کی بات کرتا، ہمیں انصاف کے سب سے بڑے ادارے میں برابری کی نمائندگی چاہیے۔بلاول زرداری نے کہا کہ ایک ملک میں2 نظام نہیں چل سکتے، وفاقی آئینی بینچ میں الگ سندھ کے لیے الگ طریقہ اختیار کیا گیا، سندھ کے ساتھ بار بار تفریق، الگ سلوک نظر آتا ہے، چیف جسٹس، آئینی بینچ کے سربراہ کو غیر متنازع ہونا چاہیے۔امریکا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہیں، امریکا کی اپنی سیاست ہے، ہم امریکی سیاست میں ری پبلکن، ڈیموکریٹس کی طرف داری نہیں کرتے، ذاتی تعلقات سیاست میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذاتی تعلقات کی ڈپلومیسی میں اہمیت محدود ہوتی ہے، جیوپالیٹکس کا اثر زیادہ ہوتا ہے، پاکستان امریکا کے تعلقات بالکل اچھے نہیں، جب وزیر خارجہ تھا اس وقت بھی امریکا سے تعلقات زیادہ بہتر نہیں تھے، اس وقت امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات نہیں ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ صدر زرداری کی طبیعت بہتر ہے، ان کے پاؤں میں 4 فریکچر ہوئے، مکمل صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا۔