لاہور(نمائندہ جسارت )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح تشویشناک امرہے۔شوگر کے موثر علاج اور مزید آگاہی کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب بھرمیں ’’چیف منسٹر انسولین‘‘پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔لاہور سمیت3 اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے نوجوانوں کے لیے شاندار پراجیکٹ’’ پنجاب ایکوا شرمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا گیا جس کے تحت فشریزایکوا کلچر اور زوالوجی کی ڈگری رکھنے والے نوجوانو ں کو جھینگے فارمنگ کی پریکٹیکل ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرنیز کو6ماہ کے دوران ماہانہ 50ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گااور ینگ زوالوجسٹ کو مظفر گڑھ میں فشریز ڈیپارٹمنٹ کے شریمپ فارم پر ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرن شپ کے لیے آن لائن جاب پورٹل کی ویب سائٹ پر اپلائی کرسکتے ہیں۔