نئی دہلی:ایک بھینس میں ایسی کیا کیا خصوصیات ہوں کہ اس کی قیمت 76 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہو جائے؟۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں ریاست ہریانہ میں ایک بھینس کی قیمت 76 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہے، جس کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں مشہور ہو چکی ہے اور اس کی اتنی بھاری قیمت ہونے کی دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ اس کا غیر معمولی وزن، روزانہ کی خوراک بہت اہم ہیں۔
بھارت کی اس بھینس کو آل انڈیا کسان فیسٹیول میں نمائش کے لیے لایا گیا تھا، جہاں انمول نامی اس بھینس کو دیکھنے کے لیے مختلف علاقوں اور شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ اس منفرد بھینس کے نام کی وجہ سے واقعی اس جیسا مول کسی دوسری کا نہیں۔ اس کے مالک نے اس کے 1500 کلو وزن ہونے کی وجہ سے قیمت 23 کروڑ بھارتی روپے رکھی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 76 کروڑ روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے۔
انمول نامی اس بھینس کو روزانہ وٹامنز اور کیلوریز کی حامل طاقت ور غذائیں کھلائی جتی ہیں، جس میں 250 گرام بادام روزانہ، 4 کلو انار، ڈھائی درجن کیلے اور 20 انڈوں کے علاوہ مخصوص تازہ چارہ، دیسی گھی، سویابین اور مکئی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھینس خود روزانہ 5 کلو دودھ بھی پی جاتی ہے۔