کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا اور جعلی نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔
اپنے بیان میں منعم ظفر خان نے کہا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے ماضی کی طرح اپنی انتخابی دہشت گردی جاری رکھی۔
امیر جماعت نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے عملے کی ملی بھگت سے ماضی کی طرح ایک بار پر دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا اور جعلی نتائج کو قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بدترین دھاندلی اور نتائج میں جعل سازی کے خلاف بھر پور احتجاج اور قانونی جدوجہد کرے گی۔
منعم ظفر نے اعلان کیا کہ کل جمعہ 15 نومبر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس میں پری پول رگنگ سمیت الیکشن ڈے کی تفصیلات کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن یوسی7سے جماعت اسلامی کے امیدوار سلیم اللہ شیخ اور ماڈل ٹاؤن یوسی7سے انصاراللہ خان بھاری ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوئے لیکن آر او ڈی آر او نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوانے کے لیے نتائج میں جعل سازی کی جب کہ بڑی تعداد میں بوگس ووٹ بھی ڈلوائے گئے اور پولیس نے بھی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے لیے پارٹی کی بی ٹیم کا کردارادا کیا۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن سے قبل اور پولنگ کے دوران بھی صوبائی اور مرکزی الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات سے آگاہ کیا مگر ان کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔