عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی

109

راولپنڈی/پشاور(خبرایجنسیاں) بانی تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی۔بی بی سی کے مطابق عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے جانے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ میری تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں اور مطالبات کی منظوری تک گھروں کو واپس نہ جائیں۔ان مطالبات میں ’26ویں آئینی ترمیم کا خاتمہ، جمہوریت اور آئین کی بحالی، مینڈیٹ کی واپسی اور تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی شامل ہیں۔عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کو آپ انقلاب لے کر آئے تھے، آپ لوگ 8 فروری کو نکلے اور اپنا آئینی حق استعمال کیا، آپ نے اشرافیہ سے طاقت چھینی اور طاقتور بن گئے لیکن 9 فروری کو سارا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔ علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ کا چوری کیا گیا ووٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا گیا، عدالت عظمیٰ کی آزادی چھین لی گئی۔علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ اپنے کسانوں، وکلا ، عوام سے مخاطب ہوں، پاکستان کے جس طرح حالات ہیں آپ کو نکلنا ہوگا، وکیلوں کی ذمے داری بنتی ہے کہ عدالت عظمیٰ کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں، سول سوسائٹی کوباہر نکلنا ہے، یہ آپ کا مستقبل ہے، رول آف لا ، عدلیہ، جمہوریت اور چھینے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، بانی نے 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی ہے، ووٹرز، ایم این ایز، ایک ایک کارکن اورلیڈر شپ سے کہا ہے، یہ موقع ہے فیصلہ کرنا ہوگا، مارشل لا میں رہنا ہے یا آزاد ہونا ہے۔ دوسری جانب لانگ مارچ کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور مین صحافیوں کو بتایا کہ ’ہماری تو تیار مکمل تھی پہلے سے مگر اب تاریخ آگئی ہے تو اور بہترین طریقے سے تیاری کریں گے۔ اس بار ہماری واپسی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔‘