کوئٹہ نئے غیر رجسٹرڈ آٹو رکشے ، موٹر سائیکل ٹرالیوں کے داخلے و فروخت پر پابندی

40

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں نئے غیر رجسٹرڈ آٹو رکشوں اور موٹر سائیکل ٹرالیوں کے داخلے اور فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔کمشنر و چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویڑن کے اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام شہر میں غیر قانونی و غیر رجسٹرڈ آٹو رکشوں اور موٹر سائیکل ٹرالیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو کہ ٹریفک کے شدید مسائل اور جام کا سبب بن رہے ہیں۔ اعلامیہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، لیویز اور پولیس اہلکار جو کوئٹہ شہر کے داخلی مقامات جیسے کہ لک پاس میان غنڈی چیک پوسٹ (کراچی روڈ)، درخشاں چیک پوسٹ (سبی روڈ) اور ڈی ایچ اے کچلاک چیک پوسٹ پر تعینات ہیں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ تمام غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ نئے آٹو رکشوں اور موٹر سائیکل ٹرالیوں کو ضبط کریں جو کوئٹہ شہر میں داخل ہو رہے ہیں یا منتقل کیے جا رہے ہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ سے تمام متعلقہ محکمے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان احکامات کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں اور ماہانہ پیشرفت کی رپورٹ جمع کروائیں تاکہ معزز عدالت کو عوامی مفاد میں کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جا سکے۔