کراچی پریس کلب کی خواتین صحافیوں کے لیے بیوٹی ورکشاپ

59

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے شاہدہ قاضی وویمن کمپلیکس میں خواتین صحافیوں کے لیے ایک منفرد بیوٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی سربراہی کلب کی گورننگ باڈی کی رکن مونا صدیقی اور شازیہ حسن نے کی۔ معروف ہومیوپیتھ اور ماہر جڑی بوٹیات ڈاکٹر بلقیس شیخ نے اس ورکشاپ میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے خواتین صحافیوں کو جلد، بالوں کی دیکھ بھال اور خواتین کے دیگر مسائل کے بارے میں قیمتی مشورے اور نایاب نسخے فراہم کیے۔ ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر بلقیس شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ ہائی جین کے نام پر مختلف مصنوعات کا اندھا دھند استعمال کر رہے ہیں جو اکثر نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی خوبصورتی کو قائم رکھنے کے لیے اندرونی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ مزید برآںڈاکٹر بلقیس نے جڑی بوٹیوں کے استعمال کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بھی سائیڈ ایفیکٹس ہو سکتے ہیں، لہٰذا ان کا صحیح استعمال اور خوراک کے بارے میں علم ہونا ضروری ہے۔پروٹین کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر بلقیس نے وضاحت کی کہ صبح کے ناشتے میں پروٹین کی ضرورت سب سے زیادہ ہوتی ہے جبکہ رات کے کھانے میں اس کا زیادہ استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس کو ہضم کرنے میں آٹھ گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔