راولپنڈی بورڈ: میٹرک کے پرچوں کی غلط مارکنگ پر 435 افسران و اہلکاروں کو سزائیں

319
wrong marking of matriculation papers

راولپنڈی : راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں پرچوں کی غلط مارکنگ پر چیئرمین بورڈ نے 435 افسران و اہلکاروں کے خلاف شکایات ثابت ہونے پر سزائیں سنا دیں۔

بورڈ ترجمان کے مطابق افسران اور اہلکاروں کو ایک سال سے 3 سال اور متعدد کو تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا، 9 سیکریسی افسران، 66 ہیڈ ایگزامنر، 210 سب ایگزامنرز، 22 سپر چیکرز اور 119 اسسٹنٹ ٹو ہیڈ ایگزامنر نااہل قرار دے دیئے گئے۔

راولپنڈی بورڈ کے مطابق ڈیٹا انٹری آپریٹرزاور 8 بورڈ افسران بھی فارغ کردیئے گئے اور یہ افسران و اہلکار آئندہ کسی بھی بورڈ امتحان کی ڈیوٹی میں شامل نہیں ہوں گے جبکہ 200 بورڈ اہلکاروں اور افسران کے معاوضوں میں بھی کٹوتی کی گئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ میٹرک امتحان میں کم مارکنگ پر نااہلی کے الزامات انکوائری میں ثابت ہونے پر کارروئی عمل میں لائی گئی جبکہ پرچوں کی مارکنگ نظام میں شفافیت برقرار رکھی جائے گی۔

دوسری جانب چیئرمین بورڈ عدنان خان نے بھی کہا کہ آئندہ پیپرز مارکنگ کی سی سی ٹی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ ہوگی۔