پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی:جاپان کا الخدمت کے ساتھ معاہدہ

184

راولپنڈی: پاکستان میں پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاپان اور الخدمت کے مابین ایک معاہدہ ہوا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت میں پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کے لیے معاہدے کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔

جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرواور مرکزی نائب صدرو چئیرمین الخدمت واش پروگرام  سیداحسان اللہ وقاص نے معاہدے پر دستخط کیے، جس کے مطابق پاکستان کے شہروں فیصل آباد اور اوکاڑہ میں7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے لیے جاپان حکومت،الخدمت فاؤنڈیشن کو19.5ملین روپے فراہم کرے گی۔

جاپانی سفیر واڈا مٹسو ہیرو  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے جاپانی حکومت،پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری رکھے گی۔ ہمیں امیدہے مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے یہ ترقیاتی منصوبے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت نظام کو مزید لچکدار بنائے گی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروقت امداد فراہم کرے گی۔

نائب صدرالخدمت سیداحسان اللہ وقاص نے جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کو جلد مکمل کریں گے۔فیصل آباد اور اوکاڑہ میں 7واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جن سے یہاں کے ہزاروں خاندانوں کو فلٹر شدہ پانی کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن نے 31.2 کروڑ کی لاگت سے صاف پانی کے منصوبوں کی تنصیب کی ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی  کے منصوبوں سے روزانہ 56 لاکھ سے زائد افراد   صاف پانی کی نعمت سے مستفید ہوتے ہیں۔