شیر افضل کا پی ٹی آئی میں مرکزی سطح پر گروپ بندی کا انکشاف

124

پشاور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شیرافضل مروت  کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت میں مختلف گروپس بنے ہوئے ہیں، ایک گروپ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کا ہے، جو  کام کرنے کے بجائے صرف تنقید کرنا جانتا ہے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاکہ  صوابی جلسے میں تقریر نہ کرسکا، جس کو غلط رنگ دیا گیا ہے، میں عمران خان  کے خاطر ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہوں، بانی پی ٹی آئی جو حکم دیں وہ کرنا ہمارا فرض ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے، جس کو ملکی نظام چلانے کا طریقہ ہی نہیں معلوم، مہنگائی میں روزبروز اضافہ ہورہاہے، وزیر اعظم عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے مہنگائی ختم ہونے کی بات کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ  حکومت کے خلاف احتجاج میں  لوگ نکلنے کے لیے تیار ہیں صرف انہیں ہمت دلانے کی کمی ہے، لوگوں کے ذہن میں ہونا چاہیے کہ اگر نکلنا ہے تو پھر گرفتاری بھی ہے آنسو گیس کی شیلنگ بھی ہوگی۔