لاہور: پنجاب بھر میں 15 نومبر کو نماز استسقاء ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کو کئی روز سے شدید دھند اور اسموگ نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے، اسموگ سے نظام زندگی متاثر ہے اور فضائی معیار انتہائی مضر صحت ہو چکا ہے۔
محکمہ اوقاف کی جانب سے جمعے کو صوبہ بھر میں نمازِ استسقا کا اہتمام کیا جائے گا، پنجاب میں اس وقت بارش کی اشد ضرورت ہے جس سے سموگ کے اثرات کم ہوں گے، خطے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز درپیش ہیں۔
واضح رہے کہ نماز استسقاء اجتماعی توبہ استغفار اور بارانِ رحمت کی طلب کا ذریعہ ہے، استسقاء کے معنی ہیں بارش مانگنا، خشک سالی اور بارش نہ ہونے کے وقت میں کھلے میدان میں یہ نماز ادا کی جاتی ہے تاکہ اللہ تعالی سے عاجزی وانکساری سے گڑگڑاتے ہوئے بارش طلب کی جائے۔