دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وقت کے مطابق ہمیں خود کو بدلنا ہوگا: چیئرمین سینیٹ

157
Parliamentary institutions

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وقت کے تقاضوں کے مطابق ہمیں بھی خود کو بدلنا ہوگا۔

عالمی چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق مارگلہ ڈائیلاگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، عدم عالمگیریت کے باعث دنیا میں نئے اتحاد بن رہے ہیں، نئے اتحادوں نے اقوام متحدہ اور ڈبلیو ٹی او جیسے عالمی اداروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،عالمی طاقتوں کے درمیان مقابلے سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہمیں مل کر خطہ کو ہر امن بنانا ہے، مستقبل کے چیلنجز کا اجتماعی بصیرت اور دانش سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ہمارا مشن ملک میں عدل سے بھرپور معاشرہ، سماجی، معاشی اور معاشرتی ترقی ہے، ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں سیاسی استحکام ہو۔