اسموگ سے ڈھائی لاکھ قبل ازوقت اموات کا خدشہ ہے، احسن اقبال

206
Two and a half lakh premature deaths

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسموگ کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور ملتان میں خاص طور پر اسموگ کی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے، صوبائی دارالحکومت کئی روز سے دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔ رات 9 بجے بھی لاہور اور ملتان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بالترتیب 788 اور 698 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے صحت پر انتہائی مضراثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ ہمارا خود کا پیدا کردہ ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے اسموگ سے قبل از وقت ڈھائی لاکھ اموات اور بچوں کی زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا، انہوں نے واضح کیا کہ اسموگ معاشی ایمرجنسی بھی ہے، اس سے قومی سطح پر یکجا ہوکر اپنے تمام وسائل جھونک کر نمٹنا ہوگا۔

یاد رہے کہ پنجاب شدید فضائی آلودگی کی صورتحال برقرار ہے، آج صبح ایئرکوالٹی انڈیکس میں لاہور تقریباً 700 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا تھا جب کہ پاکستان میں پشاور دوسرے اور اسلام آباد تیسرے نمبر پر تھا۔