لندن:مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر دو ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوں تو انہیں بہتر کیا جانا چاہیے، بھارتی ٹیم کو چاہیے کہ پاکستان آکر کھیلے۔
برطانوی دارالحکومت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے بھارتی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کے لیے بھیجے، تاکہ اگر دو ملکوں کے درمیان تعلقات خراب ہیں تو ان میں بہتری آنی چاہیے۔
امریکا میں انتخابات کے بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہاں ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات اچھے ہونے چاہییں اور اس سے قبل بھی دونوں ملکوں کے تعلقات اچھے رہے ہیں، انہیں اب پہلے سے زیادہ بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات اچھے رہنے چاہییں۔
نواز شریف نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جانب سے اس کی کرکٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر کہا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان ضرور آنا چاہیے، اگر تعلقات خراب ہیں تو انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور لوگ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وناز شریف کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی بدتمیزی کا کلچر ہے جس کا پروان چڑھنا ہماری بدقسمتی ہے۔ اپوزیشن میں بیٹھی جماعت نے اپنے دور حکومت میں اس کو پروان چڑھایا اور اب اسکو مزید بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے لڑکوں کو اس کام پر لگادیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جاؤ لوگوں کی پگڑیاں اچھالو، اگر ان کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو پھر کسی اچھے طریقے سے کرنا چاہیے۔