پی آئی اے کی جدہ – کراچی پرواز کا مسافروں کے لیے سرپرائز

364

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک پرواز جدہ ایئرپورٹ پر 60 سے زائد مسافروں کا سامان چھوڑ کر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچ گئی ۔

پی آئی اے کے ترجمان نے مسافروں کو سرپرائز دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر محفوظ رکھا ہوا ہے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر اطلاع دی گئی کہ ان کا سامان جدہ ایئرپورٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پرواز میں جگہ کی کمی کی وجہ سے مسافروں کا سامان چھوڑا گیا تھا، اور یہ سامان اگلی پرواز میں واپس لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2020 میں بھی، 50 سے زائد مسافروں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ایک ناخوشگوار سرپرائز کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہیں یہ پتہ چلا کہ پی آئی اے کی پرواز جو انہیں شارجہ سے اسلام آباد لے کر آئی تھی، ان کا سامان لے کر نہیں آئی ۔

پی آئی اے کی پرواز PK-182 شارجہ سے اسلام آباد پہنچی لیکن 50 سے زائد مسافروں کا سامان نہیں آیا۔ شارجہ ایئرپورٹ پر سامان چھوڑے جانے کی اطلاع ملنے پر مسافر غصے میں آ گئے اور قومی ایئرلائن کی غیر پیشہ ورانہ کارروائی کی سخت مذمت کی تھی ۔

تاہم، پی آئی اے کے حکام نے مسافروں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ان کا سامان اگلی پرواز کے ذریعے شارجہ سے واپس لایا جائے گا۔