پنجاب میں اسموگ کے باعث مزید پانچ ڈویژنز میں اسکولز اور کالجز بند

192

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں فضائی آلودگی میں شدید اضافے کے بعد مزید پانچ ڈویژنز میں اسکولز اور کالجز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

حکومتی زرائع کے مطابق اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے سرگودھا، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژنز میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، نرسری سے بارہویں جماعت تک کے تمام اسکولز، اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز 13 نومبر سے 17 نومبر تک بند رہیں گے۔

گوجرانوالہ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد ڈویژنز میں پہلے سے عائد بندش بھی برقرار رکھی جائے گی تاکہ عوامی صحت پر شدید ماحولیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

اس سے قبل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اسموگ کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ لاہور کے ڈپٹی کمشنر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 11 نومبر سے 17 نومبر تک تمام کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات سمیت ریسٹورانٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی معطل رہے گی، تاہم مذہبی اجتماعات کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

مزید برآں، دکانیں، بازار اور مالز رات 8 بجے تک بند کر دیے جائیں گے، جبکہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور گروسری اسٹورز پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز صرف گروسری اور میڈیکل سیکشن کھولنے کی اجازت ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں کو اسموگ کے دوران احتیاط برتنے، غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے آلودگی کم کرنے کے لیے لاہور میں سبزہ زاروں اور سڑکوں کے کنارے درختوں اور پودوں کی صفائی کی مہم تیز کر دی ہے۔