حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباحافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے حیدرآباد کو تباہ کردیا، بجلی کے بعد گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، حیدرآباد کی تباہ حالی سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر مذمتی بیان میں کہا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا حکومت وقت کی پہلی بنیادی ذمہ داری ہے جبکہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر کام کرنے کے بجائے دیگر معاملات میں مصروف ہے اور عوام دو دو وقت کی روٹی اور چھوٹی چھوٹی ضروریات زندگی کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماہانہ بنیادوں پر گیس کا بِل جمع کرواتے ہیں اسکے باوجود سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ کئی برسوں سے ایک طرف سوئی گیس کی بندش ہوتی ہے تو دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے مالی مشکلات کا سبب بنتا ہے۔ مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب، مزدور پیشہ اور سفید پوش عوام کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے مہنگے داموں کھانا خریدنے پر مجبور ہیں ۔انھوں نے کہا کہ سندھ کا دوسرا بڑے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال، آلودہ پانی کی فراہمی اور سڑکیں تباہ حال ہیں، شہر میں ہر طرف کچرے کے ڈھیر، ابلتے گٹر اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں نظر آتی ہیں، متعلقہ اداروں کی غفلت اور اداروں میں سیاسی مداخلت کے باعث حیدرآباد کسی تباہ حال شہر کا منظر پیش کر رہا ہے،حکومت سیاسی بیان بازی کے بجائے حقیقی طور پر عوامی مسائل حل کرے۔