پاکستان ایشیائی ممالک میں کنیکٹیویٹی کیلئے اہم تجارتی راستہ ہے

115

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کیلئے ایک بڑا تجارتی جبکہ ایشیائی ممالک میں کنیکٹیویٹی کیلئے اہم تجارتی راستہ ہے، سنگاپور میں 38ویں کاسی کانفرنس میں شریک بزنس لیڈرز کو باہمی سطح پر کاروباری رابطوں کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے، ایشیائی ممالک کو سرکاری اور نجی شعبوں میں اپنی شراکت داری کوبڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے سنگاپور میں 38 ویں کاسی کانفرنس اور ایشیا پیسیفک اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی کے موقع پر کیا۔ دو روزہ کاسی کانفرنس میں دنیا بھر سے بزنس نمائندوں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس کے ایجنڈے میں ایس ایم ایز کی ترقی ، موثر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ، پائیدار مستقبل کیلئے سمارٹ ایگریکلچر و دیگر شامل ہیں۔کانفرنس میں بزنس آئیڈیاز ، انٹرپرینیورشپ کے فروغ اورکاروباری شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے ، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانا فوکس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک کو سرکاری اور نجی شعبوں میں اپنی شراکت داری کوبڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔