کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین لیا قت آ با د ٹاؤن فراز حسیب کا وائس چیئر مین اسحا ق تیموری کے ہمراہ یو نین کونسل نمبر 5میں گرینڈ سیٹیزن گرلز اور بلقیس بوائز پرائمری اسکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت۔ تقریب کے انعقاد پر طلباء کی جانب سے تلاوتِ کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐ کا نذرانہ سرورِ کونین و رحمت اللعالمینؐ کی خدمت میں پیش کیا۔اس موقع پر چیئر مین لیاقت آ با د ٹا ؤن فراز حسیب نے 150طلبا و طالبات میں مفت تدریسی نصاب، اسکول بیگز اور تحا ئف بھی تقسیم کئے۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے نظام تعلیم کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے،کسی بھی معاشرے کی ترقی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے۔ تعلیم سے ایک فرد کی شخصیت نکھرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی مثبت سیاسی، معاشی اور معاشرتی اثرات پڑتے ہیں اور یوں ایک خوش حال اور باشعور معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔دنیا میں بہت تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن سے ہماری زندگی میں کئی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لیکن ہمارا نصاب، نصاب کے اہداف و معیار، درسی کتابیں، اساتذہ کا معیار اور کتب خانے وہی ہیں جو آج سے عشروں پہلے تھے۔ ان میں کوئی مثبت تبدیلی نظر نہیں آتی۔ نصاب پر ہر چار پانچ سالوں کے بعد نظر ثانی ازحد ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی تعلیمی نظام کی بہتری اور کامیابی کے لیے ٹیچر ایجوکیشن اور ٹریننگ کی بہت اہمیت ہے۔