سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی شہر گردنواح میں جاری سماجی برائیوں کے خلاف کارروائی نہ کی جانے متعلقہ اداروں کی چشم پوشی کے خلاف روہڑی کی مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے شہری اتحاد روہڑی کے صدر ریاض شیخ کی قیادت میں چبوترہ چوک روہڑی سے لالا شہزادہ چوک تک ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی میں ہیومین رائٹس یونٹی فاونڈیشن کے مرکزی چیرمین الٰہی بخش میتلو،عبدالستار زنگیجو، عجیب منگی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ایڈووکیٹ شہزاد زنگیجو، سندھ سجاگ ویلفیئر کے فاروق جسکانی،عامر جسکانی، کرم خان جتوئی،محلہ کمیٹی کے سجاد شاہ،شعیب شاہانی،سبحان اور شہریوں یار، نیاز، لالا دلاورخان، عدیل احمد، طحہ ودیگر شامل تھے۔ شرکا نشے سے انکار زندگی سے پیار شہر میں نشہ آور اشیا کی فروخت اور پرچی جوا بند کروانے کے نعرے لگا رہے تھے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات جوا بند کروانے کے نعرے درج تھے۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوِے شہری اتحاد کے صدر ریاض شیخ ودیگر کا کہنا تھا کہ روہڑی شہر گردنواح میں آئس۔پان پراگ شراب چرس بھنگ کی سرعام فروخت پرچی جوا بکی کے اڈے سرعام چل رہے ہیں نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے محکمہ ایکسائز اور پولیس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی جو لحمہ فکر ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ روہڑی شہر گردنواح میں جاری تمام سماجی برائیاں بند کرواکر نوجوان نسل اور بچوں کو نشے اور جوئے کی لت سے بچایا جائے انتظامیہ نے نوٹس لیکر سماجی برائیاں بند نہ کروائیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔