گوادر،محکمہ تعلیم کی پوسٹوں پر غیر ضلعی افراد کی تعیناتی کا انکشاف

78

گوادر (نمائندہ جسارت) محکمہ تعلیم کے پوسٹوں پر غیر ضلعی افراد کی تعیناتی کیخلاف سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ کل بروز پیر ڈپٹی کمشنر گوادر سے ملاقات کریں گے۔ گوادر سول سوسائٹی کی جانب سے ان کے آفس میں محکمہ تعلیم کے حالیہ اسامیوں میں بیرونی ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعیناتی کے خلاف گوادر سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی جماعتوں کا اجلاس گوادر سول سوسائٹی کے صدر چیئرمین محمدجان بلوچ کی زیر صدارت سول سوسائٹی کے آفس میں منعقدہ ہوا۔ جس میں بی این پی کے ضلعی صدر ماجد سہرابی،پاکستان تحریک انصاف مکران ڈویژن کے نائب صدر حاجی غلام مصطفی رمضان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر یوسف فریادی،گوادر سول سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمد عارف بلوچ دیگر ارکان سمیت مختلف سماجی و سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہاگیا کہ حالیہ محکمہ تعلیم کے پوسٹوں جے وی اور جے ای ٹی پر بیرونی ضلع سے چند افراد کی تعیناتی ہمیں کسی طورپر منظور نہیں ہے۔ جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں لیکن ہر علاقے کی اپنی حدوحدود اور اختیارات ہوتے ہیں جس طرح دیگر اضلاع کی خالی اسامیوں پر ضلع گوادر کے لوگوں کا حق نہیں ہے اسی طرح ضلع گوادر کی خالی پوسٹوں پر دوسرے علاقے کے لوگوں کا حق نہیں ہے۔ ہم اس طرح کے غیر قانونی و ناجائز کام کسی کو بھی کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو گوادر کے عوام سے ہمدردی ہے تو وہ بے شک گوادر میں آکر بطور اٹیچ ملازمت کرے لیکن تنخواہ اپنے ضلع اپنے علاقے سے وصول کریں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں ان افراد کی تعیناتی کو فوراً منسوخ کردیا جائیاور صوبائی حکومت سے درخواست کی گئی کہ محکمہ تعلیم کی خالی پوسٹوں کو جلد اخبارات میں مشتہر کرکے گوادر کے مقامی لوگوں کو روزگار دے کر ان اسامیوں کو پر کیا جائے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ اس سلسلے میں گوادر سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کا وفد کل بروز پیر صبح 11 بجے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات بھی کرے گی۔