کراچی:اوورسیز پاکستانی گروپ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کی بولی میں 5ارب کا مزید اضافہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ 250 ارب کے واجبات بھی ادا کیے جائیں گے، اوورسیز پاکستانی النہانگ نامی گروپ نے وزیرنجکاری، وزیرہوا بازی، وزیر دفاع سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کے واجبات کی ادائیگی کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے النہانگ گروپ نے مراسلہ میں کہا ہےکہ ملازمین کی ادارے سے بے دخلی نہ کرنے اور تنخواہوں میں ابتداء میں 30 فیصد بعد ازاں 100 فیصد اضافے کی پیشکش برقرار ہے۔
خط میں کہا گیا کہ النہانگ کا گروپ اگرچہ ابتدائی بولی کے عمل کا حصہ نہیں ہے مگر پی آئی اے کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق فروخت کا حامی ہے، اس عمل میں کسی بھی طرح کی تاخیر ملک کی نازک معاشی بحالی کو مذید مصائب سے دوچارکرسکتی ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اوورسیز پاکستانی گروپ “ال نہانگ” نےپی آئی اے کی نجکاری کے لیے 1.25 کھرب روپے سے زائد کی پیشکش کی تھی۔