کراچی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت 2025 میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان نہیں کرے گا ۔ یہ اطلاع ای ایس پی این کرک انفو نے ہفتے کے روز دی ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق بھارتی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے منع کیا ہے، اور اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا 9واں ایڈیشن فروری-مارچ 2025 میں پاکستان میں منعقد ہونا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ’’اگر بھارت نہیں آنا چاہتا تو ہمیں تحریری طور پر مطلع کرے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہوگی اور کسی ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ پر کوئی بات نہیں ہو رہی ۔
پی سی بی نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ٹیموں کو بہترین سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور بھارت سمیت تمام ٹیموں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ پاکستان آکر میچز کھیلیں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت کسی بھی ممکنہ تجاویز پر حتمی فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، جب کہ پاکستان نے حالیہ ورلڈ کپ سمیت چار بار بھارت کا دورہ کیا ہے۔